ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی حکومت ’وَن رینک وَن پنشن‘ معاملہ میں ملک کو گمراہ کر رہی ہے: کانگریس

مودی حکومت ’وَن رینک وَن پنشن‘ معاملہ میں ملک کو گمراہ کر رہی ہے: کانگریس

Sat, 07 Nov 2020 23:04:52    S.O. News Service

نئی دہلی،7؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ’ون رینک ون پنشن‘ کے معاملہ میں مودی حکومت نے 30لاکھ مستحق سابق فوجیوں کو مایوس کیا ہے اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امت شاہ نے اس معاملہ پر پھر ملک کو ورغلانے کی کوشش کی ہے۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ ون رینک ون پنشن کے معاملہ میں مودی حکومت کی سازشی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 17فروری 2014کو کانگریس کے وزیر پی چدمبرم نے یکم اپریل 2014 سے ون رینک ون پشن قبول کرنے کا اعلان کیا تھا اور اسی سال 26فروری کو ’ون رینک ون پنشن‘ پر اس وقت کی مرکزی حکومت نے ہدایت جاری کردی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے سات نومبر 2015کو نیا آرڈر نکالا جس کے تحت فوج کے 30-40فیصد جوانوں سے ’ون رینک ون پنشن‘ کا حق مکمل طورپر چھین لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا فوج کے جوان اورجے سی او رینک کے بیشتر فوجی 30برس کی سروس کے بعد ریٹائر ہوجاتے ہیں اور اس آرڈر کے مطابق وہ اس فائدہ کے دائرے میں نہیں آتے ہیں۔


Share: